اسلام آباد"وحدتِ امت میں علماء و خواص کا کردار" کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد
اسلام آباد"وحدتِ امت میں علماء و خواص کا کردار" کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد
اہل سنت اور شیعہ کی ممتاز شخصیات نے "وحدتِ امت میں علماء و خواص کا کردار" کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں اپنی خطابات انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ اختلافات سے دور رہنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے اتحاد و وحدت کے ذریعہ دشمنانِ اسلام کی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسلام آباد میں نمائندگی المصطفی کی جانب سے "وحدتِ امت میں علماء و خواص کا کردار" کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سیاسی و مذہبی شخصیات کے علاوہ یونیورسٹی کے پروفیسرز اور ممتاز علمی شخصیات نے شرکت کی۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی جامعۃ المصطفی العالمیہ کے سرپرست حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر علی عباسی تھے جو ان دنوں یونیورسٹی اور حوزاتِ علمیہ کے مسئولین سے ملاقات کی غرض سے پاکستان کے دورے پر ہیں۔
انہوں نے کہا: دنیا بھر کے مسلمانوں کے دفاع اور استکبار کے خلاف جنگ میں جمہوریہ اسلامی ایران اور پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر علی عباسی نے کہا: آج دشمنانِ اسلام کی جانب سے عالم اسلام میں امن اور بھائی چارے کی فضا کو تباہ کرنے اور اسلامی مذاہب اور مختلف فرقوں کے پیروکاروں کے درمیان تفرقہ کی آگ بھڑکانے کی خفیہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یقینا ملت اسلامیہ کو اس سے آگاہ ہونا چاہیے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس پروگرام میں اہل سنت کی متعدد سرکردہ شخصیات نے بھی جامعۃ المصطفی العالمیہ کے وفد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور اتحاد و وحدت کو فروغ دینے اور دینی علوم کے طلبہ کے لیے نئے تعلیمی نظام کے نفاذ میں اس اعلیٰ تعلیمی ادارے کے کردار کو سراہا۔