ماہ مبارک رمضان کے انیسویں دن کی مخصوص دعا اور مختصر توضیح
ماہ مبارک رمضان کے انیسویں دن کی مخصوص دعا اور مختصر توضیح
أَللّـهُمَّ وَفِّرْ فیهِ حَظّى مِنْ بَرَکاتِهِ وَ سَهِّـلْ سَبـیلى اِلـى خَـیْراتِهِ وَ لا تَحْرِمْنى قَبُولَ حَسَنـاتِهِ یا هادِیاً اِلَى الْحَقِّ الْمُبینِ۔[1]
ترجمہ: اے معبود! آج کے دن اس ماہ کی برکتوں میں میرا حصہ بڑھا دے اور اس کی نیکیوں اور بھلائیوں کی طرف میرا راستہ ہموار اور آسان فرما اور میری نیکیوں کی قبولیت سے مجھے محروم نہ کر اے روشن اور آشکار حق وحقیقت کی طرف ہدایت کرنے والے۔
اہم نکات
۱_اگر مانگنے والا فقیر ہی کاہل ہو تو اسمیں صاحبخانہ کی کیا غلطی ہے؟۲_آسان اور سیدھا راستہ؛
۳_قبولیتِ دعا مگر کس سے؟
دعائیہ فِقرات کی مختصر تشریح
۱– أَللّـهُمَّ وَفِّرْ فیهِ حَظّى مِنْ بَرَکاتِهِ:
کبھی برکت کا تعلق اشخاص سے ہوتا ہے جیسے :رسول خدا صل الله علیه وآله وسلم اور امیرالمؤمنین علیه السلام کا وجود مبارک کہ جنکی ذات ہی خود برکتوں کا سرچشمہ تھی؛ اور کبھی برکت مکان سے متعلق ہوتی ہےجیسے:مکہ ، مدینہ،بقیع ، کربلا، نجف ،مشہد، قم۔۔۔اور کبھی برکت مربوط ہوتی ہے زمان اور ایام سے جیسے:ماہ مبارک رمضان،شب قدر،شب جمعہ،روز جمعہ،روز عرفہ۔۔۔اس فقرےمیں برکتِ زمانی مدّ نظر ہے؛یعنی اس ماہ مبارک رمضان کی عظیم برکتوں سے محروم نہ رہیں اور جتنا ہوسکے اس سے فائدہ اٹھالیں،لُغوی لحاظ سے برکت کے معنی نُمو اور زیادہ ہونے کے ہیں جسے جوہری نے صحاح میں بیان کیا ہےاسی طرح سودرسانی اور فائدہ پہنچانے کے بھی یہی معنی ہیں کہ انسان کے شخصی وجود کے آثار میں اس قدر نمو پیدا ہو کہ جس سے دوسرے افراد بھی سیراب ہوں،سورۂ مریم کی آیت نمبر 31 میں حضرت عیسیٰ علیٰ نبینا و آلہ و علیہ السلام کے سلسلہ میں مذکور ہے کہ: وَ جَعَلَنِی مُبٰارَکاً أَیْنَ مٰا کُنْتُ وَ أَوْصٰانِی بِالصَّلاٰةِ وَ اَلزَّکٰاةِ مٰا دُمْتُ حَیًّا؛ اور جہاں بھی رہوں بابرکت قرار دیا ہے اور جب تک زندہ رہوں نماز اور زکوِٰکی وصیت کی ہے[2]۔ اس آیت شریفہ میں '' مُبٰارَکاً'' کی تفسیر نفع سے کی گئی ہے[3]۔ یعنی وہ شخص جو بہت زیادہ فائدہ پہنچانے والا ہواور جسکے وجود کی برکت دوسروں تک بہت زیادہ فائدہ پہنچتا ہو،پروردگا نے رسول اکرم1سے متعلق حضرت عیسیٰ Aکو وحی کے ذریعہ پیغام دیا کہ: إِنَّمَا نَسْلُهُ مِنْ مُبَارَکَةٍ لَهَا بَیْتٌ فِی اَلْجَنَّةِ؛اسکی نسل مبارک ہے[4]۔
ماہ مبارک رمضان ماہ برکت ہے یتیموں کی سرپرستی کا مہینہ رشتہ داروں عزیزوں قرابت داروں اور ضرورت مندوں کو افطار دینے کا مہینہ ہےماہ معنویت اور تقویت روح کا مہینہ ہےاسی لئے اس دعائیہ جملہ میں ہم خدا سے درخواست کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ اس دن کی برکتوں سے فائدہ اٹھائیں ،اس جملہ میں صرف فائدہ اٹھانے کا ذکر نہیں ہے بلکہ زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا مہم ہے۔
2– وَ سَهِّـلْ سَبـیلى اِلـى خَـیْراتِهِ:
بعض راستے ناہموار اور پیچیدہ اوراوبڑ کھابڑہوتے ہیں بعض صاف ستھرے اور کچھ گرد و غبار سے اَٹے ہوئے ہوتے ہیں؛اسی طرح خیرات کا راستہ اور نیک اور اچھے کام انجام دینے کا راستہ مسائل اور دشواریوں سے بھرا ہوا ہےاڑچنیں رکاوٹیں قدم قدم پہ ملیں گی کہ انسان کوئی ایک چھوٹا سا بھی اچھا کام نہ کرپائے اسی لئے اچھے کام انجام دینے میں جلدی کرنی چائے کہ کہیں شیطان کا جال سدّ راہ نہ بن جائے،ارشاد رب العزت ہے: فَاسْتَبِقُوا اَلْخَیْرٰاتِ؛ نیکیوں کی طرف سبقت کرو[5]۔امیر المؤمنین علیه السلام کا بیان نہج البلاغہ میں ملاحظہ فرمائیں: وَسُئِلَ عَنِ الْخَیْرِ مَا هُوَ؟ لَیْسَ الْخَیْرُ أَنْ یَکْثُرَ مَالُکَ وَوَلَدُکَ، وَلَکِنَّ الْخَیْرَ أَنْ یَکْثُرَ عِلْمُکَ۔ وَأَنْ یَعْظُمَ حِلْمُکَ، وَأَنْ تُبَاهِیَ النَّاسَ بِعِبَادَةِ رَبِّکَ؛ فَإِنْ أَحْسَنْتَ حَمِدْتَ اللَّهَ، وَإِنْ أَسَأْتَ اسْتَغْفَرْتَ اللَّهَ؛ آپ سے خیر کے بارے میں سوال کیا گیا ؟تو فرمایا کہ خیر، مال اور اولاد کی کثرت نہیں ہے، خیر علم کی کثرت اور حلم کی عظمت ہے؛اور یہ ہے کہ لوگوں پر عبادت پروردگار سے ناز کرولہٰذا اگر نیک کام کرو تو اللہ کا شکر بجا لاؤ اور بُرا کام کرو تو استغفار کرو، اور یاد رکھو کہ دنیا میں خیر صرف دو طرح کے لوگوں کے لئے ہے ،وہ انسان جو گناہ کرے تو توبہ سے اسکی تلافی کرلےاور وہ انسان جو نیکیوں میں آگے بڑھتا جائے[6]۔سورۂ حج میں ارشاد ہے: وَ اُعْبُدُوا رَبَّکُمْ وَ اِفْعَلُوا اَلْخَیْرَ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُونَ؛ ایمان والو ! رکوع کروً سجدہ کرو اور اپنے رب کی عبادت کرو اور کارخیر انجام دو کہ شاید اسی طرح کامیاب ہوجاؤ اور نجات حاصل کرلو[7]۔
خیر کے بہت سارے مصادیق ہیں جنمیں سے ایک امیر المؤمنین علیه السلام کی پیروی بھی ہے جسے اس آیت شریفہ کے ذیل میں امام موسی کاظم علیه السلام نے بیان فرمایاہے: اَلْإِمَامُ مُوسَى بْنُ جَعْفَرٍ عَنْ أَبِیهِ عَلَیْهِ السَّلاَمُ : فِی قَوْلِ اَللَّهِ عَزَّ وَ جَلَّ یٰا أَیُّهَا اَلَّذِینَ آمَنُوا اِرْکَعُوا وَ اُسْجُدُوا ؛ إِلَى آخِرِهَا أَمَرَهُمْ بِالرُّکُوعِ وَ اَلسُّجُودِ وَ عِبَادَةِ اَللَّهِ وَ قَدْ اِفْتَرَضَهَا اَللَّهُ عَلَیْهِمْ وَ أَمَّا فِعْلُ اَلْخَیْرِ فَهُوَ طَاعَةُ اَلْإِمَامِ أَمِیرِ اَلْمُؤْمِنِینَ عَلِیِّ بْنِ أَبِی طَالِبٍ عَلَیْهِ السَّلاَمُ بَعْدَ رَسُولِ اَللَّهِ صَلَّى اَللَّهُ عَلَیْهِ وَ آلِهِ[8]۔۔۔
3– وَ لا تَحْرِمْنى قَبُولَ حَسَنـاتِهِ:
یہ دنیا خدا کی دنیا ہے اسے اس نے ایک خاص مقصدسے بنایا ہےاس کی ساخت اور اس کا نظام، دونوں انسان کی آزمائش کے لیے وضع کئے گئے ہیں اس لئے اس کے نظام اور ساخت میں ایسی چیزیں رکھ دی گئی ہیں جو ہمارے لئے امتحان کی صورت پیدا کرتی رہتی ہیں، حسنات بھی امتحان ہیں اگر فقط اور فقط فی الدنیا کے لباس میں ہوں لیکن اگر فی الآخرۃکے قالب میں بھی ہو تو دونوں مل کے انسان کو اس امتحان سے سرخرو کرکے نکال لے جاتی ہیں کیونکہ اس دنیا میں آسانیوں اور مشکلوں کا ایک طویل اور مسلسل سلسلہ رکھ دیا گیا ہے جو دو طرف سے ہمارا امتحان لیتی رہتی ہیں، دُو رُخاامتحان عمل اور رد عمل کی جانچ کے لئے ہے مثلاً نعمتیں اور حسنات اس لئے دیں کہ آدمی نعمت پا کر کیا کرتا ہے ،محروم اس لئے رکھا کہ وہ رد عمل میں کیا کچھ کر گزرتا ہے۔ قرآن مجید میں حسنہ کا ذکر کچھ یوں بھی ملتا ہے: وَ مِنْهُمْ مَنْ یَقُولُ رَبَّنٰا آتِنٰا فِی اَلدُّنْیٰا حَسَنَةً وَ فِی اَلْآخِرَةِ حَسَنَةً وَ قِنٰا عَذٰابَ اَلنّٰارِ ؛ اور بعض کہتے ہیں کہ پروردگار ہمیں دنیا میں بھی نیکی عطا فرما اورآخرت میں بھی اور ہم کو عذاب جہّنم سے محفوظ فرما [9]۔
حسنہ کےمعنی ہے نیکی اس کا ایک وسیع مفہوم ہے اس میں تمام مادی و معنوی نعمتیں شامل ہیں لیکن بعض احادیث میں حسنہ کے مفہوم کے بارے میں پیغمبر اسلام صل الله علیه وآله وسلم سےمنقول ہے:و من اوتی قلبا شاکرا و لسانا ذاکرا و زوجة مومنة تعینة علی امر دنیا و اخرة فقد اوتی فی الدنیا حسنة و فی الاخرة حسنة و وقی عذاب النار؛ جسے خدا، شکر گزار دل دے ،یادِ حق میں مشغول زبان بخشے اور صاحب ایمان بیوی عطا کرے جو امور دنیا و آخرت میں اس کی مدد گار ہوتو خدا نے اسے دنیاو آخرت کی نیکی بخشی ہے اور آتش جہنم کے عذاب سے بچایا ہے[10]۔ سورۂ نمل میں پروردگار کا ارشاد ہے: مَنْ جٰاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ خَیْرٌ مِنْهٰا وَ هُمْ مِنْ فَزَعٍ یَوْمَئِذٍ آمِنُونَ ؛ جو کوئی نیکی کرے گا اسے اس سے بہتر اجر ملے گا اور وہ لوگ روزِ قیامت کے خوف سے محفوظ بھی رہیں گے[11]۔وَ مَنْ جٰاءَ بِالسَّیِّئَةِ فَکُبَّتْ وُجُوهُهُمْ فِی اَلنّٰارِ هَلْ تُجْزَوْنَ إِلاّٰ مٰا کُنْتُمْ تَعْمَلُونَ؛ اور جو لوگ برائی کریں گے انہیں منہ کے بَل جہنم میں ڈھکیل دیا جائے گا کہ کیا تمہیں تمہارے اعمال کے علاوہ بھی کوئی معاوضہ دیا جاسکتا ہے[12]۔ روایت میں اس آیت کے ذیل میں مذکور ہے کہ بِالْحَسَنَةِ سے مراد امیر المؤمنین علیه السلام کی ولایت اور بِالسَّیِّئَةِ سے مراد عداوت اور بغض امیر المؤمنین علیه السلام ہے؛ أَبِی عَبْدِ اَللَّهِ عَلَیْهِ السَّلاَمُ : أَنَّهُ قَرَأَ مَنْ جٰاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ عَشْرُ أَمْثٰالِهٰا فَقَالَ إِذَا جَاءَ بِهَا مَعَ اَلْوَلاَیَةِ فَلَهُ عَشْرُ أَمْثَالِهَا وَ إِذَا جٰاءَ بِالسَّیِّئَةِ فَلاٰ یُجْزىٰ إِلاّٰ مِثْلَهٰا وَ أَمَّا قَوْلُهُ: مَنْ جٰاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ خَیْرٌ مِنْهٰا وَ هُمْ مِنْ فَزَعٍ یَوْمَئِذٍ آمِنُونَ فَالْحَسَنَةُ وَلاَیَتُنَا وَ حُبُّنَا وَ مَنْ جٰاءَ بِالسَّیِّئَةِ فَکُبَّتْ وُجُوهُهُمْ فِی اَلنّٰارِ فَهِیَ بُغْضُنَا أَهْلَ اَلْبَیْتِ لاَ یَقْبَلُ اَللَّهُ لَهُمْ عَمَلاً وَ لاَ صَرْفاً وَ لاَ عَدْلاً وَ هُمْ فِی نَارِ جَهَنَّمَ لاٰ یُخْرَجُونَ مِنْهٰا وَ لاٰ یُخَفَّفُ عَنْهُمُ اَلْعَذٰابُ [13]۔
آج انیسویں تاریخ ہے امیرالمؤمنین علیه السلام کی ضربت کی تاریخ خدا سے دعا کریں کہ ہمیں نعمت ولایت امیرالمؤمنین علیه السلام سے مالا مال رکھے،۔۔۔۔طولِ تاریخ میں کتنے ہی ایسے افراد گذرے ہیں جو ولایت علی علیه السلام کے جرم میں موت کے گھاٹ اتار دئے گئےاسکی حفاظت جان دیکر بھی کریں۔۔۔
اللہ اللہ کیا تاریخ ہے اصبغ بن نباتہ،، ابن عباس سے نقل کرتے ہیں کہ رسول اللہ صل الله علیه وآله وسلم نے فرمایا:’’یَا عَلِیُّ أَبْشِرْ بِالشَّهَادَةِ فَإِنَّکَ مَظْلُومٌ بَعْدِی مَقْتُولٌ فَقَالَ عَلِیٌّ ع یَا رَسُولَ اللَّهِ وَ ذَلِکَ فِی سَلَامَةٍ مِنْ دِینِی قَالَ فِی سَلَامَةٍ مِنْ دِینِکَ إِنَّکَ لَنْ تَضِلَّ وَ لَنْ تَزِلَّ وَ لَوْلَاکَ لَمْ یُعْرَفْ حِزْبُ اللَّهِ بَعْدِی، "یا علیؑ! آپؑ کو شہادت کی خوشخبری ہو کیونکہ آپ علیه السلام میرے بعد مظلوم ہوں گے اور قتل کیے جائیں گے، تو حضرت علیAنے عرض کیا: یا رسول اللہ صل الله علیه وآله وسلم ! کیا اس وقت میرا دین سالم ہوگا؟ آنحضرت صل الله علیه وآله وسلم نے فرمایا: ہاں آپؑ کا دین سالم ہوگا، یقیناً آپؑ ہرگز گمراہ نہیں ہوں گے اور ہرگز آپؑ سے لغزش سرزد نہیں ہوگی اور اگر آپؑ نہ ہوتے تو میرے بعد اللہ کا گروہ (حزب اللہ) نہ پہچانا جاتا"۔۔۔۔ حضرت علی (علیہ السلام) فرماتے ہیں: " فَلَمّا خَلا لَهُ الطَّریقُ اعتَنَقَنی ، ثُمَّ أجهَشَ باکِیا ، فَقالَ : بِأَبِی الوَحیدُ الشَّهیدُ ! فَقُلتُ : یا رَسولَ اللّه ِ ، ما یُبکیکَ ؟ فَقالَ : ضَغائِنُ فی صُدورِ أقوامٍ لا یُبدونَها لَکَ إلّا مِن بَعدی ؛ أحقادُ بَدرٍ ، وتِراتُاُحُدٍ ۔ قُلتُ : فی سَلامَةٍ مِن دینی ؟ قالَ : فی سَلامَةٍ مِن دینِکَ " جب راستہ میں خلوت ہوگئی تو آنحضرت صل الله علیه وآله وسلم نے مجھے گلے لگایا اور اچانک رونے لگے اور فرمایا: میرے باپ قربان ہوں تنہا شہید پر! تو میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ صل الله علیه وآله وسلم! آپ کو کس بات نے رلایا ہے؟ تو آنحضرت صل الله علیه وآله وسلم نے فرمایا: بعض لوگوں کے دل میں کینہ ہے جسے وہ آپ پر ظاہر نہیں کریں گے، مگر میرے بعد! بدر کے کینے اور احد کا انتقام،!! میں نے عرض کیا: کیا میرا دین سالم ہوگا؟ فرمایا: آپؑ کا دین سالم ہوگا[14]۔۔۔۔۔
۴– یا هادِیاً اِلَى الْحَقِّ الْمُبینِ:
اے روشن اور آشکار حق وحقیقت کی طرف ہدایت کرنے والےمیری دعاوؤں کو شرف قبولیت عنایت فرما۔
✅نتائج -دعا کا پیغام-:
1- ماه رمضان کی برکات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا؛2- راه ِخیرات کا آسان ہونا؛3- حسنات کی انجامدہی سے محروم نہ رہنا؛4- دین حق کی جانب ہدایت۔
منتخب پیغام:️خدا کی بندگی کے راستے میں واجبات و مستحبات الهی کے علاوہ بہت سے ایسے کام ہیں جنہیں انجام دینا بہت ضروری ہےلیکن شیطانی وسوسے،کوتاہی ایسی چیزیں ہیں جو اچھے کاموں کو انجام دینے نہیں دیتے اس لیے ہردم خدا سے مدد طلب کرتے رہنا چاہیئے۔
رسول گرامی صل الله علیه وآله وسلم فرماتے ہیں: «چاہے جو بھی تمہاری ضرورت ہو چاہے جوتے کے بَند ہی کیوں نہ باندھنا ہو؛اپنے ہاتھوں کو خدا کی بارگاہ میں پھَیلاؤ؛کیونکہ جب تک وہ نہ چاہے کوئی بھی کام آسان نہیں ہوسکتا[15]۔»
[1]– بحارالأنوار ج : 95 ص : 149
[2] – مریم، 31
[3] – تفسیر قمی ،ج 2،ص50
[4] – بحار الانوار ج 14 ص 285
[5] – البقرة، 148
[6] – نہج البلاغہ حکمت 94
[7] – الحج، 77
[8] – تفسیر البرهان , ج 3 , ص 911
[9] – البقرة، 201
[10]– مجمع البیان : آیت مذکورہ کے ذیل ہیں؛ وَ قَالَ اَلنَّبِیُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَیْهِ وَ آلِهِ: مَنْ أُوتِیَ قَلْباً شَاکِراً وَ زَوْجَةً صَالِحَةً تُعِینُهُ عَلَى أَمْرِ دُنْیَاهُ وَ آخِرَتِهِ فَقَدْ أُوتِیَ فِی اَلدُّنْیٰا حَسَنَةً وَ فِی اَلْآخِرَةِ حَسَنَةً وَ وُقِیَ عَذَابَ اَلنَّارِ . فقه القرآن , ج 1 , ص 299؛
[11] – النمل، 89
[12] – النمل، 90
[13] – بحار الأنوار , ج 24 , ص 45
[14] – بشارة المصطفى لشیعة المرتضى (ط - القدیمة)، النص، ص: 58
[15]– محمدی ریشهری، محمد، میزان الحکمه، ج 4، ص 24