افکار ناب

اسلام ناب محمدیﷺ کا علمبردار

افکار ناب

اسلام ناب محمدیﷺ کا علمبردار

افکار ناب
محفوظ شدہ دستاویزات

رمضان المبارک کے چوبیسویں دن کی مخصوص دعااور مختصر توضیح 

رمضان المبارک کے چوبیسویں دن کی دعا

﷽أَللّـهُمَّ اِنّى أَسْئَلُکَ فیهِ ما یُرْضیکَ وَ أَعُـوذُ بِـکَ مِمّـا یُـؤْذیـکَ وَ أَسْئَلُکَ التَّوْفیقَ فیهِ لِاَنْ اُطیعَکَ وَ لاأَعْصیَکَ یـا جَـوادَ السّـآئِلینَ۔

 

اے میرے معبودﷻ! میں اس دن (اور) مہینہ) میں تجھ سے ان چیزوں کی درخواست کرتا ہوں جو تجھے راضی کردیں،اورخدایا!تیری باگاہ ِبیکس پناہ کو جو چیزیں ناپسند ہیں ان سے مجھے بچالے،ترے حضور توفیق کا خواہاں ہوں تاکہ تیری اطاعت میں سرگرم اور تیری نافرمانی سے دور رہ سکوں،اے سائلوں کو حد سے سِوا دینے والے۔

اہم نکات

1_غیظ و غضب سے بچتے ہوئے رِضا کی تلاش؛

2_عصیان سے گریزاں اطاعت کے راستے میں۔

 

دعائیہ فِقرات کی مختصر تشریح
1–أَللّـهُمَّ اِنّى أَسْئَلُکَ فیهِ ما یُرْضیکَ:

ایک رشتہ دار کے گھر جاتے ہوئے خیال آیا کہ مٹھائی لے لیں، کیا خالی ہاتھ جائیں گے؟ لوگ کیا کہیں گے؟ کیا رشتہ داروں کو ناراض کرنا ہے؟اور میں ایک مٹھائی کی دوکان کے سامنے رک گیا، مٹھائی کی دوکان میں اتنا رش تھا جیسے میٹھائی مفت میں بٹ رہی ہو، لوگ اپنے پیاروں کو راضی کرنے کیلئے مٹھائیاں لے لے کر باہر آرہے تھے ،ایسے میں میں نے ایک آدمی کو دیکھا جو ہر مٹھائی لے کر آنے والے کی طرف لپکتا تھا اور مسواک خریدنے کی درخواست کرتاتھا۔ لیکن لوگ اس کی طرف دیکھنا بھی گوارا نہیں کرتے تھے اور کنی کترا کر گزر جاتے تھے‘ مبادا یہ کہ کہیں مٹھائی لے جانے میں دیر نہ ہوجائے اور ان کے اپنے ان سے ناراض نہ ہوجائیں۔اور میں سوچنے لگا۔۔۔۔بندوں کو راضی کرنے کا ہمیں کتنا خیال ہے۔بندوں کو راضی کرنے کیلئے ہم ہزار دو ہزارروپے کی مٹھائیاں خرید سکتے ہیں لیکن اپنے رب کو راضی کرنے کیلئے دس روپے کی مسواک خریدنا گوارا نہیں کرتے۔لیکن ساتھ ہی میرے ذہن میں خیال آیا کہ کیا آج ہمیں یہ معلوم بھی ہے کہ مسواک رب کو راضی کرنے والی ،رب کو زیادہ خوش کرنے والی چیز ہے،جیسا کہ أَمِیرُ اَلْمُؤْمِنِینَ علیہ السلام کا فرمان ہے: اَلسِّوَاکُ مَطْهَرَةٌ لِلْفَمِ وَ مَرْضَاةٌ لِلرَّبِّ؛ مسواک منہ کے لیے صفائی کا موجب اور اللہ کی رضا کا باعث ہے[1]۔  

 

ہم بندوں کو راضی کرنے کیلئے کثیر رقم خرچ کرکےقیمتی تحفے تحائف اور مٹھائیاں خریدتے ہیں پھر بھی وہ اکثر ہم سےراضی نہیں ہوتے جبکہ ہمارا رب کتنا عظیم ہے اور اس عظیم رب کو راضی کرنا کتنا آسان ہے بلکہ رب کو راضی کرنا تو دنیا کا آسان ترین کام ہے جس کے لیے کوئی کثیر سرمایہ خرچ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی ، امیر‘ غریب‘ نادار و فقیر ہر کوئی رب کو راضی کر سکتا ہے۔'' یا سریع الرضا''۔۔ کسی روتے ہوئے بچے کو ہنسا دو، رب راضی۔۔۔مخلوقات خدا کا خیال رکھو، رب راضی۔۔۔ پڑوسی کا خیال رکھو۔۔۔سلام کرو۔۔۔ غرض چھوٹے چھوٹے اور اچھے اچھے کام کرو اللہ راضی۔۔۔ اہلبیت علیہم السلام سے مودت ۔۔۔رب راضی۔۔کیونکہ یہ سارے کام اسکے پسندیدہ ہیں۔۔۔۔

2–وَ أَعُـوذُ بِـکَ مِمّـا یُـؤْذیـکَ:

دنیا میں انسان کو جس خاص مقصد کے لیے بھیجا گیا ہے، اس میں رخنہ ڈالنے والی ہر چیز مکروہ اور ناپسندیدہ ہے، تمام انسان اللہ کے بندے ہیں اور بندگی کا تقاضا ہے کہ دن و رات کے چوبیس گھنٹے اور زندگی کا ہر ہر لحظہ اپنے رب کے سامنے حاضری کے احساس کو قوی کریں آخرت کی تیاری کو کسی آن فراموش نہ ہونے دیں، اس لیے کہ بعض عارفین کا قول ہے کہ انسان کی ہر وہ سانس حرام ہے، جو خدا سے غفلت کی حالت میں لی جائے۔ دنیا میں جن امور سے ضرورت کے تحت واسطہ پڑتا ہے، ان میں بھی آزمائش کے طور پر بہت کچھ ایسا ہوتا ہی ہے جو خدا و آخرت سے غافل کر دے، جیسے مال و اولاد وغیرہ، پھر از خود ان چیزوں کو خریدنا اور ان میں لگنا جو کہ اسی مقصد کے تحت وجود میں لائی گئی ہیں کیسے درست قرار دیا جا سکتا ہے۔فائن آرٹس یا فنونِ لطیفہ کے نام سے فی زمانہ بہت سے محرِمات کو حلال سمجھا جانے لگا ہے اور اس پر عقلی دلیلیں بھی دی جاتی ہیں، جب کہ عقل و خرد کے پیدا کرنے والے نے اُن چیزوں کو نہ صرف مہلک اور حرام قرار دیا ہے بلکہ شدید و رسوا کُن عذاب کی وعیدیں بھی بیان فرمائی ہیں۔۔۔۔۔غرض ہر اس کام سے اجتناب ضروی ہے جو رب العزت کی ناراضگی کا سبب بنے۔

 

 3–وَ أَسْئَلُکَ التَّوْفیقَ فیهِ لِاَنْ اُطیعَکَ وَ لاأَعْصیَکَ:

 پروردگار اپنی مخلوق سے بے حد محبت کرتا ہے جس طرح کہ ہر صانع کو اپنی صنعت سے پیار ہوتا ہے، اس نے واجبات و مستحبات و محرومات و مکروہات کے احکام صرف بندوں کی مصلحت اور انھیں نقصان سے بچانے کے لئے معین کئے ہیں ورنہ اُسے نہ کسی کی اطاعت سے کوئی فائدہ ہے اور نہ کسی کی معصیت سے کوئی نقصان ہے، وہ غنی مطلق اور بے نیاز ہے، اس کا مقصد بندوں کے حالات کی اصلاح کرنا اور انہیں فائدہ پہونچانا ہے، اس کے احکام کی نافرمانی کرنا شکرِ منعم اور اطاعتِ مولا کی خلاف ورزی کے علاوہ سفاہت اور حماقت بھی ہے اس لئے کہ یہ اپنے فائدہ کی مخالفت ہے اور اپنے کو نقصان کے حوالے کرنا ہے، اسی طرح معصیت سے بچنا ضروری ہے کیونکہ یہ دنیا کی رسوائی اور آخرت کے عذاب کا باعث ہے، آدمؑ کو ایک ترک اولیٰ پر جنت چھوڑنا پڑی ہے تو ہماری کیا حقیقت ہے۔انسان اپنی زندگی اطاعت کے سائے تلے گزارے یہ اللہ تعالی کی بہت بڑی توفیق ہے ، اطاعت گزاری کا مطلب یہ ہے کہ: اپنے آپ پر اللہ کا حق پہچان لیں جس نے ہمیں پیدا کیا، ہمیں رزق دیا، ہمیں عزت دی اور اپنے فضل سے نوازا، فرمانِ بارئ تعالی ٰ ہے: یَاأَیُّهَا النَّاسُ اعْبُدُوا رَبَّکُمُ الَّذِی خَلَقَکُمْ وَالَّذِینَ مِنْ قَبْلِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَتَّقُونَ الَّذِی جَعَلَ لَکُمُ الْأَرْضَ فِرَاشًا وَالسَّمَاءَ بِنَاءً وَأَنْزَلَ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً فَأَخْرَجَ بِهِ مِنَ الثَّمَرَاتِ رِزْقًا لَکُمْ فَلَا تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ؛ اے انسانو! پروردگار کی عبادت کرو جس نے تمہیں بھی پیدا کیا ہے اور تم سے پہلے والوں کو بھی خلق کیاہے۔ شاید کہ تم اسی طرح متقی اور پرہیزگار بن جاؤ؛ اس پروردگار نے تمہارے لئے زمین کا فرش اور آسمان کا شامیانہ بنایا ہے اور پھر آسمان سے پانی برسا کر تمہاری روزی کے لئے زمین سے پھل نکالے ہیں لہذا اس کے لئے جان بوجھ کر کسی کو ہمسر اور مثل نہ بناؤ [2]۔

اللہ کی اطاعت انسان کو بلندیوں پر لے جاتی ہے اور انسانی زندگی کے تمام اقوال، افعال، حرکات و سکنات کو بھی اپنے گھیرے میں لے لیتی ہے، فرمان باری تعالی ہے: قُلْ إِنَّ صَلَاتِی وَنُسُکِی وَمَحْیَایَ وَمَمَاتِی لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِینَ لَا شَرِیکَ لَهُ وَبِذَلِکَ أُمِرْتُ وَأَنَا أَوَّلُ الْمُسْلِمِینَ ؛کہہ دیجئے کہ میری نماز ،میری عبادتیں ،میری زندگی ،میری موت سب اللہ کے لئے ہے جو عالمین کا پالنے والا ہے اس کا کوئی شریک نہیں ہے اور اسی کا مجھے حکم دیا گیا ہے اور میں سب سے پہلا مسلمان ہوں [3]۔ اپنی زندگی کو اطاعت کے لیے مسخر کرنے والے شخص کی عزت افزائی ہوتی ہے اور وہ ساری مخلوقات میں سے برگزیدہ شخصیات کی رفاقت پاتا ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: وَمَنْ یُطِعِ اللَّهَ وَالرَّسُولَ فَأُولَئِکَ مَعَ الَّذِینَ أَنْعَمَ اللَّهُ عَلَیْهِمْ مِنَ النَّبِیِّینَ وَالصِّدِّیقِینَ وَالشُّهَدَاءِ وَالصَّالِحِینَ وَحَسُنَ أُولَئِکَ رَفِیقًا ذَلِکَ الْفَضْلُ مِنَ اللَّهِ وَکَفَى بِاللَّهِ عَلِیمًا؛ اور جو بھی اللہ اور رسول کی اطاعت کرے گا وہ ان لوگوں کے ساتھ رہے گا جن پر خدا نے نعمتیں نازل کی ہیں انبیائً صدیقین, شہدائ اور صالحین اور یہی بہترین رفقائ ہیں یہ اللہ کی طرف سے فضل و کرم ہے اور خدا ہر ایک کے حالات کے علم کے لئے کافی ہے[4] ۔

 

اطاعت گزاری نورِ بصیرت ہے، یہ انسان کو ضائع اور پریشان ہونے سے تحفظ دیتی ہے، انسان کو غفلت، معصیت اور شیطانی وسوسوں سے محفوظ رکھتی ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: لَعَمْرُکَ إِنَّهُمْ لَفِی سَکْرَتِهِمْ یَعْمَهُونَ؛ آپ کی جان کی قسم یہ لوگ گمراہی کے نشہ میں اندھے ہورہے ہیں [5]۔ اللہ کی اطاعت انسان کی سماجی زندگی میں بھی رنگ بھر دیتی ہے، اطاعتِ الہی انسان کو الفت بانٹنے میں مگن کر دیتی ہے، وہ اپنے چہرے پر مسکراہٹ قائم دائم رکھتا ہے، ہمیشہ دوسروں کا فائدہ سوچتا ہے اور دوسروں کے ساتھ نیکی کرتا ہے، اپنے بھائیوں کے ساتھ مانوسیت رکھتا ہے، دوسروں کے لئے دل میں محبت اور سینہ کشادہ رکھتا ہے، اس کا دل کینے اور حسد سے پاک ہوتا ہے، وہ کسی پر ظلم نہیں کرتا اور نہ ہی کوئی اس پر ظلم کرتا ہے، فرمانِ باری تعالی ہے: وَأَلَّفَ بَیْنَ قُلُوبِهِمْ لَوْ أَنْفَقْتَ مَا فِی الْأَرْضِ جَمِیعًا مَا أَلَّفْتَ بَیْنَ قُلُوبِهِمْ وَلَکِنَّ اللَّهَ أَلَّفَ بَیْنَهُمْ إِنَّهُ عَزِیزٌ حَکِیمٌ؛ اور ان کے دلوں میں محبّت پیدا کردی ہے کہ اگر آپ ساری دنیا خرچ کردیتے تو بھی ان کے دلوں میں باہمی الفت نہیں پیدا کرسکتے تھے لیکن خدا نے یہ الفت و محبّت پیدا کردی ہے کہ وہ ہر شے پر غالب اور صاحب حکمت ہے [6]۔

 جب کسی کے لئے اطاعت کا دروازہ کھلتا ہے تو وہ اپنے دونوں ہاتھوں کو پھیلا کر اپنے مولا سے گڑگڑاتے ہوئے مانگتا ہے کہ: یا اللہ! اطاعت گزاری پر ثابت قدم رکھ اور ڈھیروں بھلائیاں عطا فرما۔۔۔۔

4–یـا جَـوادَ السّـآئِلینَ:

 اے سائلوں کو حد سے سِوا دینے والے۔۔۔۔ مجھے بھی اپنی معصیت سے دور رکھ اپنی اطاعت کی توفیق دے ،ناپسندہدہ چیزوں سے دور رہ سکوں اسلئے اپنی بارگاہ کی قربت دے اور ایسے کام انجام دوں جو تیری مرضی کے مطابق ہوں۔الٰہی آمین۔

 

نتائج / دعاکا پیغام:

1- خشنودئ خدا کی طلب؛

2- پروردگار کی اطاعت کی توفیق؛

3- مانگنے والے بندوں پر خدا کی عطا و بخشش۔

 

منتخب پیغام:خدائے متعال کی ا️طاعت اور اسکے فرمان کی تعمیل ایسا بہترین اور زیبندہ ترین عمل ہے کو جو ایک بندہ اپنے مولا کے لیے انجام دے سکتا ہے، یہ دعا اس دعائے امام زمان(عجل) بہت مشابہت رکھتی ہے جسمیں وارد ہے: «أللَّهُمَّ ارْزُقْنا تَوْفیقَ الطّاعَةِ وَ بُعْدَ الْمَعْصِیَةِ؛۔

📚منابع

[1] – الکافی , ج 6 , ص 495

[2] – البقرة: 21، 22

[3] – الأنعام: 162، 163

[4] – النساء: 69، 70

[5] – الحجر: 72

[6] – الأنفال: 63

تبصرے  (۰)

ابھی تک کوئی تبصرہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

تبصرہ کریں

ارسال نظر آزاد است، اما اگر قبلا در بیان ثبت نام کرده اید می توانید ابتدا وارد شوید.
شما میتوانید از این تگهای html استفاده کنید:
<b> یا <strong>، <em> یا <i>، <u>، <strike> یا <s>، <sup>، <sub>، <blockquote>، <code>، <pre>، <hr>، <br>، <p>، <a href="" title="">، <span style="">، <div align="">
تجدید کد امنیتی